وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے،اس کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت انسدادِ اسمگلنگ اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا ، جس میں وزیرصنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی،مشیر خزانہ، مشیر تجارت، چئیرمین ایف بی آر،چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹرییز اور آئی جی صاحبان سمیت دیگر اعلی حکام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
چیئر مین ایف بی آر نے اجلاس کو انسدادِ اسمگلنگ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کی جانب سےاسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے قانون کو مزید موثر بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے آرڈیننس کا اطلاق کیا گیا ہے جس میں کرنسی اور اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر سے نمٹنے کے لئے قانون کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کو دو طریقوں سے نقصان پہنچاتی ہے،ااسمگلنگکی وجہ سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں، نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان نے تمام متعلقہ اداروں کو اسمگلنگ کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائزنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسمگلنگ کی روک تھام اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی رپورٹ ہر پندرہ دن بعد پیش کرنے کا حکم دیا۔
صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں
اس موقع پروزیرِ اعظم نے صوبائی حکام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور خصوصا ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فیول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام الناس تک پہنچائے جانے کو یقینی بنایا جائے،اس سلسلے میں صوبائی حکام متحرک کردار ادا کریں۔
