مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا کے مقام پر فلسطینی شہری کوگولیاں مار کر شہید کردیا۔ قابض فوج کی طرف سے شہید فلسطینی پر ایک فوجی اہل کار کو گاڑی سے کچلنے کا الزام عائد کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ دورا قصبے کے جنوب میںنگوہوت یہودی کالونی میں فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی فوجی اہل کارپر چڑھا دی، جس سے وہ معمولی زخمی ہوا۔ اس دوران دیگر اہل کاروں فلسطینی پر فائر کھول دیے،جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ صہیونی حکام نے شہید نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی اور فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے بھی اس واقعے کے بارے میں کسی قسم کا رد عمل نہیں دیا گیا۔ دوسری جانب قابض فوج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یعبد قصبے سے 4فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی اہل کاروں نے منگل کے روز سے یعبد قصبے کا گھیرائو کررکھا ہے۔اس دوران فلسطینیوں نے سنگ باری کرکے ایک صہیونی فوجی کو ہلاک کردیا تھا،جس کے بعد اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران 30 فلسطینیوں کو حراست میں لیا، جن میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد شامل ہیں۔ تلاشی اور گرفتاریوں کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا اور مزید 4 فلسطینی گرفتار کرلیے گئے۔ ادھر قابض فوج نے بیت المقدس میں تلاشی کے دوران فلسطینی نوجوان اور اس کی بہن کو سرعام وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے نوجوان کو شہید کردیا‘ محصور قصبے سے 4 فلسطینی گرفتار
القمر
