دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی میں لینڈ مافیا کے سزا یافتہ کارندے ایک بار پھر قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے، شہریوں کا شدید احتجاج، قبضہ مافیا فرار ہوگئے۔ غریب آباد مارکیٹ دھابیجی کے قدیمی قبرستان کی زمین پر لینڈ مافیا کے بدنام زمانہ کارندوں نے ایک مرتبہ پھر قبضہ کرنے کے لیے پنجے گاڑھنا شروع کردیے ہیں، قبضہ مافیا کی جانب سے قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی، اطلاع ملنے پر مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور وارڈ ایک کے کونسلر قاری محمد فیاض کی قیادت میں قبرستان پہنچ کر قبضہ مافیا کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر قاری فیاض نے بتایا کہ چند سال قبل غریب آباد مارکیٹ کے قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں عدالت سے چھے ماہ قید اور جرمانے کی سزا پانے والے بدنام زمانہ قبضہ مافیا کے کارندے سیف الملوک شاہ اور محمد رمضان یوسی کے ایک بلدیہ نمائندے کی مبینہ ملی بھگت سے ایک بار پھر قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہم ان قبضہ مافیا کے کارندوں کو کسی صورت ان کے اس ناپاک مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ اور اسٹنٹ کمشنر میرپورساکرو سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے والے ان قبضہ مافیا کیخلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے۔
دھابیجی، قدیمی قبرستان پر لینڈ مافیاکی قبضہ کی کوشش
القمر
