میرپورخاص(نمائندہ جسارت)ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ صحت اللہ تعالیٰ کی عطا کی گئی نعمتوں میںسے ایک بڑی نعمت ہے اس لیے ہمیں اس کی قدر کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر مشتاق شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکرڈاکٹر مبین میمن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر اللہ داد سے کورونا وائرس کے مریضوں کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے بتایا کہ کورونا کے مریضوں کا علاج محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز کے تحت جاری ہے مریضوں کا علا ج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو مکمل حفاظتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اس وقت تک میرپورخاص ڈویژن میں 2136کورونا کے مشکوک مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے 48مریضوںکے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میںسے24مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔ اس وقت تک میرپورخاص ڈویژن کے کورونا کے23مریض زیرعلاج ہیں ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص نے بتایاکہ ضلع میرپورخاص میں اس وقت تک کورونا کے1180مشکوک مریضوںکے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے34مثبت آئے ہیں 14مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں 5مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال میرپورخاص میں اورایک مریض ایکسپو سٹی سینٹر کراچی میںزیرعلاج ہے جبکہ13مریض ہوم آئسولیشن میں ایس او پیز کے تحت زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک میرپورخاص میںکورونا کا ایک مریض اپنی زندگی کی جنگ ہارچکا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر نے بتایا کہ تھرپارکر ضلعے میں اس وقت تک 540کورونا کے مشکوک مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جس میںسے10مثبت آئے ہیں ان میںسے 8مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں 2مریضوں کا علاج ہوم آئسولیشن میں ایس او پیز کے تحت جاری ہے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ نے بتایا کہ اس وقت تک 416کورونا کے مشکوک مریضوں کا ٹیسٹ کیے گئے جس میںسے4مثبت آئے ہیں ان میںسے 2مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیںجبکہ 2مریض کا علاج ہوم آئسولیشن میں ایس او پیز کے تحت جاری ہے۔ کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس جنگ میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس فرنٹ لائن سپاہی کا کردار اداکررہے ہیں جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کورونا کے مریضوںکا علاج کررہے ہیں ہم ان کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ کورونا مریضوں کی خصوصی نگہداشت کی جائے آئسو لیشن سینٹروں اور ہوم آئسولیشن میں کورونا مریضوں کا حکومت کی جانب سے ملنے والی ایس او پیز کے تحت علاج اور سہولیات فراہم کی جائیں ۔کمشنر نے عوام کو پیغا م دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاج سے بہتر احتیاط ہے لوگوںکو اس وبا سے بچنے کیلیے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے سماجی فاصلے سے ہی اس وبا سے بچاجاسکتا ہے۔
صحت اللہ تعالیٰ کی عطا کی گئی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے
القمر
