English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترک فوج کرد جنجگوئوں کے پیچھے عراق میں داخل

القمر

انقرہ؍ بغداد ؍ دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی نے کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کے تحت عراق میں کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ترکی کی بری فوج شمالی عراق میں حفتنین میں داخل ہوگئی ہے۔، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے میں تصدیق کی گئی ہے کہ ترک فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی مدد سے کمانڈوز کی کمک علاقے پہنچا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم ’’پی کے کے‘‘ کے خلاف پنجہ شیر فضائی آپریشن حال ہی میں شروع کیا گیا ہے۔ ترک ذرائع کے مطابق فورسز نے مورچے سنبھال لیے ہیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بم باری شروع کردی گئی ہے۔ توپوں اور راکٹ لانچروں کی مدد سے 150 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نیا آپریشن ’’پی کے کے‘‘ کی جانب سے ترک فوجی چوکیوں پر مسلسل ہونے والے حملوں کے بعد شروع کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عرب ٹی وی کے مطابق ترک فوج عراق کے کرد اکثریتی صوبے کردستان میں داخل ہو گئی جہاں علاحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر 18 فضائی حملے کیے گئے۔ اُدھر ترک حکام کا کہنا ہے کہ شامی علاقے عفرین میں کارروائی کرتے ہوئے پی کے کے کی ذیلی تنظیم وائی پی جی کے 7 مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو پرتشدد واقعات اور بم دھماکوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران بم بنانے میں استعمال ہونے والا آتش گیر مواد اور بڑی تعداد میں دیگر دھاتوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے