English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹرمپ نے چین سے مکمل قطع تعلق کا عندیہ دے دیا

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ چین کے ساتھ اقتصادی روابط سمیت ہرطرح کے تعلقات مکمل طور پرختم کرنے کا آپشن موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے پاس چین سے تمام روابط ختم کرنے کا اختیار ہے اور ہم یہ اختیار کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ میں اپنی حکومت کے چین سے تجارتی امور کے نگران رابرٹ لائی تھائزر کے بیان کا جواب دیا۔ لائی تھائزر نے چین اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی جنگ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی قیادت کی تھی۔ بدھ کے روز لائی تھائزر نے کانگرس کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین اختلافات کم کرنے کے لیے معاہدے کی شرائط کا پابند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بڑی معاشی طاقتوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند سال قبل تو امریکا کے لیے چین سے ہرطرح کے تعلقات ختم کرنا ممکن تھا، مگر موجودہ حالات میں ایسا کرنا غیر منطقی ہوگا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چین کے ایک اعلیٰ سفارت کار کے درمیان ملاقات اچھی نہیں رہی، اور امریکا کو چین کے رویے سے بہت مایوسی ہوئی ہے۔ یہ بات امریکی نائب وزیرِ خارجہ برائے مشرقی ایشیا اور پیسفک ڈیوڈ اسٹل ویل نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتائی۔ اسٹل ویل مائیک پومپیو اور چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے نگران یانگ جی چی کی اس ملاقات کا حوالہ دے رہے تھے، جو بدھ کے روز ہوائی میں ہوئی۔ ڈیوڈ اسٹل ویل نے کہا کہ مائیک پومپیو کی یانگ جی چی کے ساتھ بند کمرے میں ہونے والی ملاقات میں چین کا رویہ حوصلہ افزا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چین نے واضح الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ٹرمپ حکومت کے ساتھ گزشتہ سال طے پانے والے تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل کرے گا، تاہم اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ چین کے ساتھ ان دیگر تنازعات پر بھی کوئی پیش رفت ہو سکے، جن کی وجہ سے بیجنگ اور واشنگٹن کے تعلقات خراب ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا میں رواں سال ہونے والے صدارتی انتخاب میں چین کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے حامی چاہتے ہیں کہ امریکی حکومت بیجنگ کے ساتھ سخت رویہ اپنائے، تاکہ خارجہ امور پر صدر ٹرمپ کی برتری ثابت ہو سکے اور اس کا فائدہ انہیں انتخابات میں ملے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے