نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں مون سون سے قبل کی بارش کا آغاز ہوگیا ہے اور اس بار ابتدا ہی میں انتہائی ہلاکت خیز ثابت ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے شمال مشرقی حصوں میں شدید بارش جاری ہے۔ اس دوران ریاست بہار میں جمعرات کے روز آسمانی بجلی گرنے سے 83 اور اترپردیش میں 24 افراد مارے گئے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اس حادثہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اورآسمانی بجلی کے زد میں آکر مرنے والوں کے ورثا کو 4، 4لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ یہ ہلاکتیں بہار کے گوپال گنج، سیوان، دربھنگہ، مشرقی چمپارن اور مدھوبنی اضلاع میں بجلی گرنے سے ہوئیں۔ ان علاقوں میں اس قدرتی آفت سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بارش کے ساتھ ہوا کے تیز جھکڑوں نے بھی دونوں ریاستوں میں املاک کو کافی نقصان پہنچایا۔ حکام نے بتایا ہے کہ نقصانات کا جائزہ ابھی لیا جا رہا ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بارش کے نتیجے میں ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں بہنے والے دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے، جس کے باعث کئی اضلاع میں سیلاب کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔
بھارت ،آسمانی بجلی گرنے سے 107 افراد ہلاک
القمر
