اٹلانٹا (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی ایک عدالت نے 25 سالہ سیاہ فام مسلمان احمد عابری کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار 3 سفید فاموں پر قتل اور دیگر الزامات میں فردِ جرم عائد کر دی۔ تینوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاست جارجیا کے شہر برنز وِک میں رواں برس 23 فروری کو 25 سالہ احمد عابری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ ایک سفید فام اکثریتی علاقے میں جاگنگ کر رہا تھا۔ پولیس نے ابتداً اس کیس میں کسی کو گرفتار نہیں کیا تھا، تاہم قتل کے 10 ہفتے بعد مئی میں عابری کے قتل کے وقت ریکارڈ کی جانے والی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اس وڈیو کے وائرل ہونے کے بعد امریکا بھر میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ زور پکڑ گیا اور کئی مقامات پر مظاہرے بھی ہوئے، جس کے بعد پولیس نے فائرنگ میں ملوث 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق 64 سالہ سابق پولیس افسر جارج مک مائیکل اور اس کے 34 سالہ بیٹے ٹریوس مک مائیکل کے خلاف قتل کی دفعات عائد کی گئی تھیں۔ بعد میں پولیس نے ولیم روڈی برائن جونیئر نامی ایک 50 سالہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا تھا، جس نے عابری کے قتل کی وڈیو بنائی تھی۔ پولیس نے برائن جونیئر پر بھی قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ بدھ کے روز ریاست جارجیا کی ایک عدالت میں جیوری نے تینوں ملزمان پر عائد کیے جانے والے تمام 9 الزامات میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ تینوں ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور انہیں ضمانت پر رہائی بھی نہیں ملے گی۔ مقدمے کے تیسرے ملزم برائن جونیئر کے وکیل نے فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا موکل صرف قتل کی اس واردات کا عینی شاہد تھا اور اس نے تحقیقات میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔ احمد عابری کے اہل خانہ کے وکیل لی میرٹ نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف جن دفعات میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے، ان کے تحت ملزمان کو موت کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ تاہم استغاثہ نے اب تک عدالت سے ملزمان کو سزائے موت دینے کی استدعا کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ استغاثہ کے وکیل جویٹ ہومز نے ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے جیوری کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احمد عابری، اس کے لواحقین اور پوری کمیونٹی کے لیے انصاف کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں گزشتہ ماہ ایک اور سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی پولیس اہل کاروں کی گرفت میں ہلاکت کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں میں عابری سمیت دیگر سیاہ فاموں کے قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ دہرایا جا رہا ہے۔
امریکا،مسلمان کے قتل پر 3 نسل پرست سفید فام مجرم قرار
القمر
