واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسیاں) امریکا کا بھارت کی مدد کے لیے فوج بھیجنے کا فیصلہ۔ اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کا نوٹس ۔تفصیلات کے مطابق بھارت اور چین کے درمیان جاری سرحدی تنازع پر اب امریکا کی جانب سے بھارت کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان تنازع میں امریکا نے ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیاء میں اپنی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ چینی فوج کا مقابلہ کرنے کے لیے اس کی افواج مناسب طور پر موجود ہوں۔ ان کا کہناتھا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ردعمل سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ ویتنام ، انڈونیشیا ، ملیشیا ، فلپائن اور بحیرہ جنوبی چین جیسے ممالک کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے ہم بھرپور کوشش کریں گے کہ امریکی فوج کو درست موقع پر مثبت نتائج کے لیے استعمال کیا جائے۔دوسری جانب امریکا کی نائب معاون وزیرخارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کا نوٹس لے لیا۔اپنے بیان میں ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن سے متعلق حالیہ بیان بازی نے سارے پرانے سوالات کو دوبارہ نکال دیا ہے۔ایلس ویلز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دنیا کے نمبر ون دہشت گرد اسامہ بن لادن کیسے اور کیوں پاکستان کی چھاؤنی تلے سکون سے رہ رہا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس بحث کی ضرورت نہیں ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں ایلس ویلز نے مزید کہا اس بحث کے بجائے پاکستان اور امریکا کو افغانستان میں امن، تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشتگردی میں تعاون کے مثبت ایجنڈے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں یہ بات ثابت ہوئی کہ قابل عمل ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں شرمساری کے دو واقعات ہوئے ۔امریکا نے ایبٹ آباد میں آکر اسامہ بن لادن کو شہید کردیا۔اس واقعے کی وجہ سے دنیا بھر میں لعن طعن ہوئی۔دوسری شرمندگی پاکستان میں ڈرون حملے تھے،ہمارا اتحادی پاکستان میں اسامہ کو مارتا بھی ہے اور ہم پرتنقید بھی کرتاہے۔
چین سے تنازع‘ امریکا کا بھارت کی مدد کیلیے فوج بھیجنے کا فیصلہ‘اسامہ کو شہید کہنے کا نوٹس
القمر
