اسلام آباد(اے پی پی)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کراچی سے تحریک انصاف کے رکن فہیم خان کو نعرے بازی کرنے پر جھاڑ پلادی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے فہیم خان نے کہا کہ اجرک میری شان ہے،اجرک میری ثقافت ہے، لیکن اجرک پر کوئی سیاست نہ کی جائے،گزشتہ روز کراچی میں زیادہ بارش نہیں آئی کم بارش آئی ہے،لوگ نالوں میں ڈوب کر مر گئے،ان کو 15 کروڑ روپے کا دکھ ہے ، ہمارے 15 کروڑ روپے کے کاموں میں 30 کروڑ روپے لگیں گے، کراچی ڈوب رہا ہے،ہم نالے صاف کرتے تھے یہ اس میں روڑے اٹکاتے تھے،یہ بتائیں 12 سال سے کیا کام کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اٹھو سی ایم ہائوس اور بلاول ہائوس کے سامنے چلو۔ انہیں کراچی کا دکھ نہیں ہے۔ تھوڑی سی بارش سے کراچی ڈوب گیا ہے۔کراچی سے حکومتی رکن فہیم خان نے کراچی کے معاملے پر نعرے بازی کی۔ڈپٹی اسپیکر نے فہیم خان سے اس رویے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی رکن کو جھاڑ پلا دی۔انہوں نے فہیم خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نشست پر بیٹھ جائیں۔ ،آپ کو میری بات سمجھ نہیں آتی،نعرے بازی بند کریں۔ آپ چیئر کااحترام کیوں نہیں کرتے۔علاوہ ازیںدفاعی پیداوار کی پارلیمانی سیکرٹری روبینہ جمیل نے ایک سوال کے جواب ایوان کو بتایا کہ کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں جے ایف ۔17 طیارے کی دیکھ بھال اور مرمت اور اوورہالنگ سہولت کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپلیکس نے طیاروں کے مقامی سطح پر معائنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے جس سے خطیر زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔روبینہ جمیل نے کہا کہ ڈرونز اور پائیدار بغیر پائلٹ طیاروں کی ملک میں تیاری پر نمایاں پیشرفت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن نے ریڈار، جیمرز اور ریڈیو Sets کے علاوہ وینٹی لیٹرز سمیت سافٹ ویئر سے چلنے والے آلات کی تیاری میں تقریبا خودکفالت حاصل کر لی ہے۔
قومی اسمبلی: کراچی کے معاملے پر نعرے بازی، ڈپٹی اسپیکر نے حکومتی رکن کو جھاڑ پلادی
القمر
