نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 5 اگست کو ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے ہی دن مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370کو ختم کردیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے باعث رام مندر سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکاء کی تعداد محدود ہوگی اور تقریب کو براہ راست سرکاری ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق رام مندرکے سنگ بنیاد کی تاریخ 5 اگست اس لیے رکھی گئی ہے کیوں کہ جوتشیوں نے اس دن کو ہندوؤں کے لیے نیک شگون قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی عدالت عظمیٰنے گزشتہ سال 9 نومبر کو 1992ء میں انتہاپسندوں کے ہاتھوں شہید کی گئی تاریخی بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسجد کی زمین پر رام مندر تعمیر کرنے اور مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کے لیے متبادل اراضی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالتی فیصلے پر مسلم تنظیموں اور مختلف بھارتی رہنماؤں کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین کے سربراہ اور بھارتی لوک سبھا کے رکن اسدالدین اویسی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حق کے لیے لڑ رہے تھے، ہمیں مسجد کے لیے 5 ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں ہے، بھارت کا مسلمان اتنا گیا گزرا نہیں کہ وہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمین نہ خرید سکے۔
مودی 5 اگست کو بابری مسجد کی جگہ مند کا سنگ بنیاد رکھے گا
القمر
