اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے محمدافضل کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کل سے کام شروع ہوجائے گا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ کراچی جاکر صورتحال کا جائزہ لیں جس پر کراچی پہنچ کر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارش کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ندی نالوں کے اطراف بہت تجاوزات ہیں اور شہر قائد میں سیوریج نظام بھی درست نہیں اس لیے کراچی کے مختلف علاقوں میں کل سے کام شروع ہوجائے گا۔
محمد افضل نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ بارش ایک گھنٹے میں 83 ملی میٹرہوئی جبکہ 7 سے 9 اگست تک کراچی میں بارش کاامکان ہے اور بارش کا یہ سسٹم 24 سے 26 اگست تک رہے گا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کا مزید کہنا تھا کہ تمام اداروں نے ملکرلوگوں کوریلیف دینا ہے اسی لیے وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ میٹنگز میں اتفاق رائے سے حکمت عملی بنارہے ہیں۔

