واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی سیاسی اور تجارتی کشیدگی کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں چینی موبائل ایپس ٹک ٹاک اور وی چیٹ کی مالک کمپنیوں کے لین دین پر پابندی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ صدرٹرمپ نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ کی مالک کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے سے متعلق حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے بعد آیندہ 45 روز کے اندریہ پابندیاں نافذ ہوجائیں گی۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ امریکا کے قومی سلامتی کے مفاد کے لیے ضروری تھا اور اب امریکا میں کوئی بھی شخص یا کمپنی ان چینی کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا کاروبار نہیں کرسکے گی۔ اس نئے حکم کے بعد بیجنگ اور ٹرمپ انتظامیہ کے مابین جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو جانے کا خدشہ ہے۔ امریکی صدارتی حکم کے مطابق امریکا میں چین کی کمپنیوں کے تیار کردہ موبائل ایپس کے پھیلنے سے امریکا کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اورمعیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ امریکی سینیٹ نے بھی جمعرات کے روز ایک قرارداد منظور کرکے حکومتی ملازمین کے ٹک ٹاک ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی۔ امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے اس کے مالکانہ حقوق رکھنے والی کمپنی بائٹ ڈانس کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ صدر ٹرمپ کے نئے حکم کے بعد بائٹ ڈانس اور مائیکرو سافٹ کو سودا طے کرنے کے لیے بہت زیادہ وقت نہیں ملے گا۔
