اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت (یونیسکو) کا کہنا ہے کہ بیروت دھماکوں سے عالمی تاریخی ورثے میں شامل 640 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 60 کے منہدہم ہونے کا خطرہ ہے۔
یونیسکو کے مطابق لبنان کی وزارت ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل سرکیس خوری نے کہا کہ بیروت دھماکوں میں کم سے کم 8 ہزار عمارات کو نقصان پہنچا ہے ،انہوں نے متاثرہ تاریخی عمارتوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ان عمارتوں کی مرمت نہ کی گئی تو منہدم ہونے کاخدشہ ہے۔

بیروت دھماکوں میں متعدد عجائب گھروں جن میں نیشنل میوزیم ، سرسق میوزیم، امریکن یونیورسٹی آف بیروت میوزیم سمیت ثقافتی اور مذہبی مقامات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب یونیسکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیروت کے متاثرہ تاریخی ورثہ کی تعمیر نو کے لیے وہ بین الاقوامی تحریک کی قیادت کرے گا جبکہ بیروت دھماکوں سے متاثرہ مقامات کی بحالی کے لیے لبنان اور بیرون ملک ثقافتی تنظیموں اور ماہرین کی مدد لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ 4 اگست کو ہونے والے بیروت بندرگاہ دھماکوں میں اب تک 171 افراد جاں بحق ، 6 ہزار زخمی جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد بےگھر ہوئے ہیں ۔
یاد رہے کہ لبنانی معیشت کو دھماکوں کے نتیجے میں 10 سے15 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

