جھڈو (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کی جانب سے تھرکول تک ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ٹھاریو ہالیپوتہ سے چھور تک براڈ گیج ریلوے لائن بچھائی جائے گی، جس میں 114 کلومیٹر کا نیا ٹریک بھی شامل ہے، ریلوے لائن بچھانے کا مقصد تھر سے نکلنے والے کوئلے کو ملک میں کوئلے سے چلنے والے لاکھڑا پاور ہاؤس جامشورو پاور ہاؤس پورٹ قاسم اور ساہیوال کے نزدیک یوسف آباد پاور ہاؤس تک کوئلے کی فراہمی کو آسان بنانا ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے ریلوے لائن بچھانے کے لیے چھور سے نوکوٹ، کنری اور نوکوٹ سے ٹھاریو ہالیپوتہ تک نئی لائن بچھائی جائے گی جبکہ نوکوٹ سے کنری تک ریلوے ٹریک موجود ہے، جسے اپ گریڈ کرکے براڈ گیج میں تبدیل کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلے میں چھور سے عمرکوٹ، کنری، نبی سر، نوکوٹ، وجوٹو، مٹھی اور اسلام کوٹ کا روٹ طے کیا گیا ہے۔ جس میں چار نئے ریلوے اسٹیشن عمرکوٹ، اسلام کوٹ، مٹھی اور ویجیٹو میں تعمیر کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کے ماہرین کی ٹیم نے گزشتہ ماہ تھرکول سے چھور وایا نوکوٹ اور میرپور خاص سروے کیا تھا مگر ریلوے کے معروف روٹ نوکوٹ جھڈو ڈگری میرپور خاص کو نظر انداز کر کے چھورسے ٹھاریو ہالیپوتہ کے دور دراز علاقے کو اہمیت دی گئی ہے حالانکہ جھڈو میرپور خاص روٹ کی اپنی بہت اہمیت ہے، جہاں ریلوے کی سیکڑوں ایکڑ قیمتی زمین فالتو پڑی ہے جہاں پر ہر قسم کی سہولتیں پہلے ہی موجود ہیں، صرف انہیں مرمت وغیرہ کی ضرورت تھی اور مذکورہ پاور ہائوسزز تک کوئلے کی ترسیل کا قریب ترین ٹریک ہے۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر جلد کام شروع ہوجائے گا اور کراچی میں اس پروجیکٹ کے لیے آفس قائم کیا جائے گا۔
جھڈو، تھرکول تک ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری
القمر
