جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی جیکب آباد شہر اور یوسی مبارک پور میں مختلف تنظیموں اور حکومتی سطح پر 14 اگست کی مناسبت سے ریلیاں اور تقریبات۔ ملک بھر کی طرح وطن عزیز پاکستان کے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے ضلعی ہیڈ کوارٹر جیکب آباد میں دفتر جماعت اسلامی سے امیر شہر ہدایت رند، تعلقہ نگران علامہ محمد حنیف کھوسہ اور نائب امیر شہر عبدالصمد کٹبار کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں کارکنان، عام افراد کے ساتھ صحافی حضرات، صحافی و سابق امیر جماعت اسلامی شہر انجینئر اعجاز میمن کی قیادت میں شریک رہے۔ ریلی ڈسٹرکٹ پریس کلب سے شہر کے مختلف بازاروں، شاہراہوں، چوکوں، چوراہوں سے ہوکر پریس کلب پہنچی، جہاں مقررین نے اپنے خطاب میں پاکستان کے وجود میں آنے پر روشنی ڈالی۔ دوسری جانب سرکاری سطح پر بحریہ کالج میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ایس پی محمد طارق نواز کے ساتھ ضلع بھر کے اعلیٰ سرکاری ذمے داران نے شرکت کی، جہاں مہمان خاص ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ جے یو آئی کی ریلی ضلعی صدر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں نکالی گئی۔ متحدہ مزدور اتحاد کے صدر غلام نبی رند کی قیادت میں شاندار ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی یوسی مبارک پور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کیک کاٹا گیا، جس میں مقامی امیر عبدالستار بھٹو، استاد گل حسن ملک، نگران تعلقہ ٹھل اقبال عادل مہر، محمد عثمان مہر، محسن گھمرو، حماد اللہ اور دیگر شریک تھے۔ علاوہ ازیں مبارک پور میں ہی اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی یوتھ ونگ کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔
جیکب آباد، جماعت اسلامی مبارک پور کی جانب سے ریلی
القمر
