مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کی پٹی کے علاقے میں اسرائیل کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ مشرقی غزہ میں جاسوسی کے مشن پر تھا جب فلسطینی مزاحمت کاروں نے اس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈرون طیارہ زمیں بوس ہوگیا۔
کواڈ کاپٹر طرز کے ڈرون طیارے کو مار گرانے کے بعد اس کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
دریں اثنا فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے سرحد کی دوسری طرف قائم اسرائیلی کالونیوں پر آتش گیر غباروں کے دوبارہ حملوں کے بعد صہیونی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں۔ تاہم اس دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
صہیونی فوج کی طرف سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ جنگی طیاروں، فوجی ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں کی مدد سے غزہ میں حماس کے بحری دفاعی نظام اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کارروائی غزہ کی پٹی سے آتش گیر غبارے چھوڑے جانے پر اسرائیل کا رد عمل ہے۔

