English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل نے غرب اردن میں بڑے منصوبے کا اعلان کردیا

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) عبرانی اخبار ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک بڑے توسیعی اور تعمیراتی منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق رام اللہ کے نواح اور غرب اُردن کے وسط میں قائم کی گئی بنیامین یہودی کالونی کو بیت المقدس کے ساتھ ایک سڑک کے ذریعے ملایا جائے گا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اس کے علاوہ اس کالونی کو شمال مشرقی بیت المقدس سے بھی ایک سڑک کے ذریعے ملایا جائے گا۔ یہ سڑک قلندیہ چیک پوسٹ سے الرام قصبے تک 600 میٹر زیر زمین ایک سرنگ کی شکل میں تعمیر کی جائے گی۔ اس سڑک کی تعمیر اور اس کے اطراف میں قائم یہودی کالونیوں آدم، بساغوت، بیت ایل اور عوافرا میں بھی یہودیوں کے لیے مزید سیکڑوں مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں قابض صہیونی ریاست نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک دوسرے بڑے تعمیراتی منصوبے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقے کی مکمل بحری ناکا بندی کردی ہے جس کے بعد غزہ کے ہزاروں ماہی گیروںکو سمندر میں مچھلیوں کے شکار سے روک دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک من گھڑت بیان کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد سمندری ناکا بندی کی گئی ہے۔ اُدھر اسرائیلی فوج کے رابطہ کار کے مطابق وزیر دفاع بینی گینٹس نے آرمی چیف کو ہدایت کی ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی مکمل بحری ناکا بندی کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ماہی گیری سے روک دیں۔ رابطہ کار کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوںکی طرف سے آتش گیر غبارے چھوڑنے اور راکٹ حملے کرنے کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے