جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کی تیاری میں کامیابی کی کرن سامنے آنے پر دنیا کو گھیرنے کی تیاری شروع کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے تمام ممالک سے مشترکہ عالمی ویکسین پروگرام میں شامل ہونے کا مطالبہ کردیا۔ ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے شدید خطرے سے دوچار عالمی آبادی کو ویکسین کی فراہمی ایک ساتھ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کو معاشی بحران اور مالی بدحالی سے ڈراتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے اور عالمی معیشت بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ اگر چند ممالک کو ویکسین فراہم کرکے دیگر کو چھوڑ دیا گیا تو اس سے آبادی کو لاحق خطرات ختم نہیں ہوں گے اور نہ ہی عالمی معیشت بحال ہوسکے گی۔ دنیا کو اپنی سابقہ مالی حالت تک پہنچنے کے لیے بہر صورت کورونا ویکسین پروگرا م میں شامل ہونا پڑے گا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر چند ممالک نے اپنے عوام پر ویکسین کا استعمال شروع کردیا تو دنیا میں پابندیوں کا ایک نیا کھیل شروع ہوجائے گااور پروگرام میں شرکت نہ کرنے والی حکومتوں کا خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے بائیکاٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں ڈبلیو ایچ او نے کوروناویکسین کی تیاری کے سلسلے میں 31.3ارب ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی، جس کے بعد انسانیت کی حفاظت کے دعوے دار ممالک کی جانب سے صرف 3.4ارب ڈالر ہی فراہم کیے گئے۔ اس دوران امریکا نے بھی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے عالمی ادارے سے علاحدگی کا اعلان کردیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق دنیا کو اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور کئی بڑے اور ترقی یافتہ ممالک اس کی لپیٹ میں ہیں۔ بھارت 24گھنٹے میں میں 1100 اموات اور کورونا وائرس کے 64ہزار نئے کیس سامنے آنے پر عالمی سطح پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ مغربی مہاراشٹرا، تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور کرناٹک بھارت میں سب سے زیادہ متاثرہونے والی ریاستیں ہیں۔ ادھر جرمنی اور جاپان بھی تیزی سے کورونا وائرس سے متاثر ہوتے جارہے ہیں۔ برلن حکام کے مطابق 24گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 510کیس ریکارڈ کیے گئے۔ مجموعی طور پر کورونا وائرس سے 2لاکھ 27ہزار افراد متاثر اور 9ہزار 250افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی بلدیہ عظمیٰ کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز مزید 186 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ٹوکیو میں اب تک کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 18 ہزار 268 ہے۔
معاشی بحالی کا لالچ ،عالمی ویکسین پروگرام کے نام سے نیا گیم
القمر
