واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں بھارتی نژاد شہریوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے۔ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے تحت ’فور مور ایرز‘ کے عنوان سے وڈیو جاری کی،جس میں بھارتی وزی اعظم مودی کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی نے بھارتی نژاد امریکی کملا ہیریس کو نائب صدر نامزد کرکے اہم اقدام کیا ہے،جس سے ان کے ووٹروں کی تعداد بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ ادھر ریپبلکن امیدوار صدر ٹرمپ نے اس کے ردعمل میں اپنے دورہ بھارت اور مودی کے دورہ امریکا کی یادگار وڈیو جاری کرکے نئی دہلی حکومت کا سہارا تلاش کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انتخابی مہم میں ’ہاؤڈی موڈی ‘اور احمدآباد میں منعقد’ نمستے ٹرمپ‘ پروگراموں میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریروں کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ تشہیری وڈیو جاری کی گئی ہے۔ ٹرمپ نے بھارتی نژاد ووٹروں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے پہلی مرتبہ اپنی جماعت میں ہندوؤں کے لیے ایک علاحدہ اتحادی گروپ تشکیل دیا ہے۔ اس کے علاوہ سکھوں کے لیے بھی ایک گروپ بنایا گیا ہے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی وڈیو کے حوالے سے بھارتی صحافی شکیل شمسی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو اپنے جیتنے کی امید نظر نہیں آرہی، اسی لیے وہ ہر اس گروہ کی طرف دانہ ڈال رہے ہیں جوان کے دام میں پھنس سکتا ہے۔
انتخابات میں کامیابی کیلئے ٹرمپ کو مودی کا سہارا
القمر
