لاہور/سرگودھا( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ یوم تاسیس پر ہمارا عہد ہے کہ اسلام کی حکمرانی اور اتحاد امت کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ جماعت اسلامی نے قرار داد مقاصد ، علما کے 22 نکات ، اسلامی آئین کی منظوری اور تمام مسالک اور فرقوں کے درمیان اتحاد و وحدت کے لیے تاریخی کردار ادا کیاہے ۔ نظریاتی اور فکری محاذ پر انسانی کردار کی عظمت ، اشتراکی استحصالی نظام اور مغربی سرمایہ دارانہ تہذیب کے خلاف مسلسل جدوجہد کی اور اسلام کی حقانیت کو عوام کے ذہنوں پر نقش کیا ۔انتخابات میں عوام نے ہمارا ساتھ نہیں دیا ۔ ووٹرز نے ہمیشہ جن سیاسی دھڑوں ، ریاستی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں کو ووٹ دیا ، اس کے نتیجے میں ملک و ملت کو ذلت ، رسوائی ، مہنگائی ، بے روزگاری اور در در کی ٹھوکریں ملیں ۔ ہمیں یقین ہے کہ عوام جماعت اسلامی کے منشور اور بیانیے کی طرف ضرور آئیںگے ۔ جماعت اسلامی کے موقف نے ثابت کر دیاہے کہ پاکستان کے بحرانوں کا علاج اسلام کی حکمرانی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس کے موقع پر لاہور اور سرگودھا میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کشمیر ، فلسطین ، افغانستان میں عالمی استعمار ی قوتوں کے خلاف مظلوم مسلم عوام کا ساتھ دیا ہے ۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام اور غلامی کی زنجیروں میں زبردستی جکڑے گئے مسلمانوں کی آزادی کے لیے بر سر پیکار ہے ۔ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ عالم اسلام کے اتحاد کے بغیر بحرانوں کا علاج ممکن نہیں ۔ اقتصادی محاذ پر جماعت اسلامی نے امانت و دیانت اور خدمت کے ذریعے اپنا صاف ستھرا کردار تسلیم کرایا ہے ۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ ، میاں طفیل محمد ؒ ، قاضی حسین احمد ؒ ، سید منورحسن ؒ کے مشن کو پورے ملک میں کارکنان امیر جماعت ا سلامی سراج الحق کی قیادت میں رواں دواں رکھے ہوئے ہیں ۔ شہادتیں ، اذیتیں ، جیلیں ، سزائے موت کے اعلانات ہماری استقامت کے گواہ ہیں ۔ ہم دو قومی نظریے ، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان اور کرپشن فری پاکستان کے لیے کٹ مریں گے ، کوئی کمپرو مائز نہیں کریں گے ۔
جماعت اسلامی نے اتحاد امت کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے،لیاقت بلوچ
القمر
