English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شامی مہاجرین کی وطن واپسی پر 100ڈالر فیس عائد

القمر

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں بشارالاسد کی انتظامیہ نے شامی مہاجرین کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق بشار حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو اس وقت تک شام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک اس کے پاس 100 ڈالر نہیں ہوں گے۔ اس رقم کو وہ سرحدی سرکاری گزر گاہوں پر موجود حکام کے ذریعے مقامی کرنسی میں تبدیل کرائے گا۔ تبدیلی کے نرخ بھی اسدی حکومت کی جانب سے طے کیے جائیں گے۔ اس صورت حال میں شامی پاسپورٹ کی کوئی قدر نہیں رہی اور انتظامیہ کے لیے بھتا وصولی ہی سب کچھ بن گیا ہے۔ شامی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے سربراہ میجر جنرل ناجی نمیر کا کہنا تھا کہ انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ، جس مہاجر کے پاس 100 ڈالر کی رقم موجود نہ اسے داخل نہ ہونے دیا جائے۔بشار حکومت کے فیصلے پر شامی شہریوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور متنازع فیصلے کو منسوخ کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کے مطالبات کیے جارہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسدی انتظامیہ کے فیصلے کا مقصد غیر ملکی کرنسی وصول کرکے شامی کرنسی کو مضبوط کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اسدی حکومت مہاجرین کی جانی دشمن ہے، تاہم عالمی قوانین کے دباؤ کے تحت وہ انہیں قبول کرنے کے نام پر ایسے اقدامات کررہی ہے،جس سے وہ وطن واپسی کا تصور بھی نہ کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے