حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاک فوج نے جو قربانیاں دی ہیں وہ باعث تحسین ہیں۔ اس وقت پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ سندھ سے یاترا کے لیے بھارت جانے والے ہندو غیر محفوظ ہیں، 12 ہندو افراد کے قتل کی ذمے دار مودی حکومت ہے۔ آج سندھ کے گلی، کوچوں میں ہندو کمیونٹی بھی انڈیا حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں تمام قومیں اتحاد اور یکجہتی کی فضاء قائم کرتے ہوئے ایک ساتھ کھڑی ہیں۔ ڈیفنڈرز آف پاکستان کے چیئرمین واجد علی بویو اور سینئر وائس چیئرمین وقار سومرو یوم دفاع کے حوالے سے پریس کلب کے سامنے یکجہتی افواج پاکستان ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ ریلی میں مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت میں قتل ہونے والے 11 اقلیتی بھیل برادری کے ورثاء بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان دراوڑ اتحاد کے چیئرمین ڈاکٹر امرشی ٹھاکر، ہندو پنچائت کے سماجی رہنما نتھو رام میگھواڑ، بابو جان، انجمن تاجران قاسم آباد کے چیئرمین محبوب ابڑو، فکس اٹ کے چیئرمین حیدر آباد اویس خان نظامانی، یوتھ الائنس حیدر آباد کے محمد عاصم کاکا اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر پاکستان کے دفاع کا عظیم دن ہے، اس دن پاک فوج نے دفاع وطن کے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ وطن عزیز کو دشمنوں کی یلغار سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شانہ بشانہ پاکستانی عوام کھڑے ہیں اور فوج کی قربانیوں کو اس دن کی مناسبت سے ہم بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت میں یاترا کے لیے گئے ہوئے بھیل برادری کے قتل کیے گئے افراد کے ورثاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارت اقلیتی برادری کے حوالے سے پاکستان کے بارے میں بیان دے رہا ہے کہ پاکستان کے اندر رہنے والی اقلیت غیر محفوظ ہے مگر ہم مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں پاکستان میں تمام حقوق دیے جارہے ہیں۔ اس وقت بھارت میں جانے والے پاکستانی ہندو غیر محفوظ ہیں، گزشتہ دنوں ہماری ہندو کمیونٹی کے 11افراد کو بھارت کی بدنام زمانہ ایجنسی را نے نہایت بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا ہے، ہم انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے قتل کیے گئے ہندو برادری کے افراد کو فوری انصاف مہیا کیا جائے اور بھارت کی جانب سے اس بہیمانہ قتل کا نوٹس لیا جائے۔
پاکستان کے دفاع کیلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،واجد علی
القمر
