English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسجد اقصیٰ کو دوبارہ بند کرنے کا اسرائیلی منصوبہ

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کی آڑ میں دوبارہ مسجد اقصیٰ کو بند کرنے منصوبہ تیار کرلیا۔ عبرانی ٹی وی چینل 12 نے انکشاف کیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں مسجد اقصیٰ کو بند کرنے کی تجویز پیش کردی گئی ہے اور صہیونی حکومت کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مبینہ اضافے کی خبروں کو ہوا دے کر مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں کے لیے غیرمعینہ مدت تک بند کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بلدیہ مقبوضہ بیت المقدس میں ابھی تک مسجد اقصیٰ کو بند کرنے کا فیصلہ اس لیے نہیں کر پائی کیوں کہ سے خدشہ ہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف اس فیصلے کو قبول نہیں کرے گا۔ دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی آڑ میں مسجد کو نمازیوں کے لیے سیل کرنے کی کوشش کسی طور قبول نہیں ہے۔ اس کا مقصد صرف مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنا اور یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں میں مدد فراہم کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ عکرمہ صبری نے کہا کہ صہیونی حکام کی طرف سے وبائی بحران کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو ان کے گھروں میں محصور اور مسجد اقصیٰ جانے سے روک کر حکومت کورونا وائرس پرقابو نہیں پاسکتی۔ شیخ صبری نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد میں نماز کے لیے آنے کا سلسلہ جاری رکھیں اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں، تا کہ صہیونی بلدیہ کو ان کے خلاف اقدامات کا کوئی جواز نہ مل سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وبا پھیلنے کے تناظر میں اسلامی اوقاف اور انتظامیہ نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی آمد روک دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے