کابل(خبر ایجنسیاں) افغانستان میں دھماکے،حملے،7 اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ ہلمند میں ہائی وے پر ایک مسافر بس سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔اسی طرح صوبہ ہرات میں بھی سڑک کنارے نصب بم اْس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے ایک مسافر بس گزر رہی تھی، دھماکے میں 2 مسافر ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ سرکاری حکام نے دعویٰ نے کیا ہے کہ دونوں دھماکے طالبان کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں میں ہوئے تاہم طالبان نے اس الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔علاوہ ازیںصوبہ قندوز میں ایک پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں سات سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ چار لاپتا ہو گئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ صوبہ قندوز کے ضلع خان آباد میں جنگجوئوں نے بھاری ہتھیاروں سے اچانک دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جسکے نتیجے میں سات پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار لاپتا ہو گئے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے اہلکاروں کے بارے میں خدشہ ہے کہ انھیں جنگجوئوں نے یرغمال بنا لیا ہے ۔
افغانستان میں دھماکے ،حملے،7 اہلکاروں سمیت14 ہلاک
القمر
