حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بجلی و گیس کے نرخ میں اضافے کے باعث صنعتیں چلانا مشکل ہوگیا، پیداواری لاگت بڑھ گئی اور کاروبار مندی کا شکار ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوںکو بھی پر لگ گئے، مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ان خیالات کا اظہار حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سر پرست اعلیٰ گوہراﷲ اور صدر فہد حسین شیخ نے انجمن تاجران لطیف آباد نمبر7کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سرپرست اعلیٰ گوہر اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے نرخ سے صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے ، صنعتوں کو چلانا مشکل ہو رہا ہے ، اشیا ئے ضروریہ میں ہو شربا اضافے سے مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ، کاروبار مندی کا شکار ہے ، وزیر اعظم عمران خان ملک کے عوام اور کاشتکاروں ، صنعتکاروں و تاجروں کے ریلیف کے لیے اقدامات کریں ، انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو ہدایت کی کہ صنعتکاروں و تاجروں کے مسائل حل کرنے پر خاص توجہ دی جائے ، بے شمار مسائل سے تاجر برادری کو کاروبار کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حیدرآباد چیمبر کے صدر فہد حسین شیخ نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل اداروں کے ساتھ مل کر حل کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ، تاجر وں کی تجا ویز پر عمل کریں گے ۔ میزبان صدر انجمن تاجران لطیف آباد نمبر 7محمد طارق قریشی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے چھو ٹے تاجروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ، تاجر برادری آپ کے ساتھ ہے اور ہم یہ بھی توقع کرتے ہیں کہ تاجروں کے چھو ٹے چھو ٹے مسائل حل کرنے میں چیمبر ہما ری مدد کرے گا ۔ عشائیے میں حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر محمد وسیم جی ، نائب صدر محمد اسماعیل شیخ و اراکین پیر الحاج گلشن الٰہی ، محمد عارف ، ضیا الدین ، حاجی اختیار آرائیں ودیگر نے شرکت کی۔
