کراچی: قومی ہوائی کمپنی پی آئی اے کے مطابق جعلی تعلیمی اسناد کے حامل پانچ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے جبکہ اکتوبر کے مہینے میں 38 ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کئی ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور پیر (2نومبر) کو پی آئی اے نے اکتوبر کے مہینے میں 38 ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا کہا تھا اب ان کے خلاف باضابطہ علامیہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق پی آئی اے نے بغیر اطلاع کے کئی عرصے سے غیر حاضر 6 ملازمین کو فارغ کر دیا ہے اور سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے کے الزام پر مزید ایک ملازم کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق بدعنوانی اور غبن میں ملوث 5 ملازمین کو برخاست کیا گیا ہے اور سمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو برطرف کر دیا ہے جبکہ سرکاری دستاویزات کی چوری اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر پانچ ملازمین کو برخاست کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے نئے احکامات کے پر عمل کرتے ہوئے کام نہ کرنے پر 3 ملازمین کی تنزلی کر دی ہے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے پانچ ملازمین کی تنخواہ میں کٹوٹی کر دی ہے اور 7 ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب 10 ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے ہیں اور اچھی کارکردگی کے حامل 11ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کی گئیں اور اس کے ساتھ پانچ ملازمین کو کیش ایوارڈ بھی دیے گئے ہیں۔


