بدین (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد کا دورہ بدین، تاجران، سیاسی، سماجی رہنماؤں، معززین شہر اور صحافیوں سے ملاقات، ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل احمد نے بدین پہنچ کر ایس ایس پی آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل احمد کو ایس ایس پی آفس پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف ہانر پیش کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد نے ایس ایس پی آفس بدین میں قائم وومن پروٹیکشن سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انچارج وومن پروٹیکشن سیل نے ایڈیشنل آئی جی پی کو وومن پروٹیکشن سیل کی کارکردگی اور خواتین کے مسائل کے متعلق بریفنگ دی۔ ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار نے ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد کو ضلع بھر کے امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا اور بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد نے بدین کے معززین، سماجی شخصیات سمیت صحافیوں سے میٹنگ کی اور ضلع بھر کے مجموعی مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر بدین تاجر اتحاد کے رہنما امتیاز میمن، عبدالرحمن بلوچ، عبدالسلام آرائیں، علی اکبر میمن، صرافہ ایسوسی ایشن بدین کے صدر شاہ نواز زرگر، محمد انور ملاح، مہر دین مری، ساجدہ تالپور، پریس کلب بدین کے صدر ملک الیاس، ایوان صحافت کے سیکرٹری ہارون گوپانگ، یونین آف جرنلسٹ حیدر آباد کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں سمیت دیگر نے ایڈیشنل آئی جی پی کو کرائم، منشیات، ٹریفک کے مسائل سمیت دیگر امور کے علاوہ مددگار 15 کی بحالی، ضلع میں تھانوں، پولیس نفری، موبائل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی کمی کی نشاندہی کراتے ہوئے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال پر اظہارِ اطمینان کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد ڈاکٹر جمیل احمد نے ایس ایس پی آفس کے پارک میں پودا لگا کر شجر کاری بھی کی۔ ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار نے ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد کو سوینئر، لنگی اور یادگار شیلڈ پیش کی جبکہ تمام معززین نے بھی ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد اور ایس ایس پی کو اجرک کے تحائف پیش کیے۔
ایڈیشنل آئی جی پی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد کا دورہ بدین
القمر
