English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا مریضوں کی تعداد 55 ہزار سے متجاوز ، مزید 37افراد جاں بحق

کراچی/ اسلام آباد/ مظفرآباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور ایک بار پھر اس وائرس سے متاثرہ فعال مریضوں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 ہزار 795 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے‘ اس طرح ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 294 ہوگئی ہے‘گزشتہ ایک دن میں ملک بھر میں کورونا کے 39 ہزار 76 ٹیسٹ کیے گئے۔ پنجاب میں مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 762 ہوگئی ہے، اسی طرح سندھ میں ایک لاکھ 84 ہزار 486، خیبر پختونخوا میں 49 ہزار 676، بلوچستان میں 17 ہزار 466، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 356 ، اسلام آباد میں 32 ہزار 816 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 732 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا سے پاکستان میں مزید 37 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے لقمۂ اجل بننے والوں کی کل تعداد 8 ہزار 398 ہو گئی ہے۔ سندھ میں 3 ہزار 177 ، پنجاب میں 3 ہزار 19، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار413، اسلام آباد میں 341، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 169 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 181 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گزشتہ ایک روز میں ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 530 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، اس طرح اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 542 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ فعال کیسزکی تعداد 55 ہزار 354 ہوگئی ہے جن میں سے 2 ہزار 539 کی حالت تشویشناک ہے۔ پختونخوا کی ایک اور لیڈی ڈاکٹراسلام آباد کے اسپتال میں کورونا کے باعث جاںبحق ہوگئی‘پختونخوا میں کوروناسے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 27ہوگئی‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی زاہدہ پروین راہو کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں جس کے بعد انہوںنے اپنی رہائش گاہ پرخود قرنطینہ کرلیا‘ متاثرہ عدالت کے ملازمین کے بھی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ حکومت آزادکشمیر نے مکمل لاک ڈائون میں آج رات 12بجے تک مزید توسیع کرتے ہوئے کل بروز بدھ 9دسمبر سے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کافیصلہ کرلیا‘ جمعے اور منگل کوضروری سروسز کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی‘ تعلیمی ادارے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق8جنوری تک بند رہیں گے‘ وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ فورم کو بتایا گیا کہ81فیصد کورونا کے مثبت کیسز بڑے شہری مراکز سے رپورٹ ہوئے ہیں‘ اس وبا کی روک تھام کے لیے جرمانے اور جگہوں کو سیل کرنے سمیت مختلف انتظامی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کا تناسب 9.71 فیصد ہے۔سب سے زیادہ مثبت کیسز کا تناسب کراچی میں 21.31 فیصد دیکھنے میں آیا، اس کے بعد ایبٹ آباد میں 17.86فیصد اور پشاور میں 16.66فیصد رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے