English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معروف بزنس مین سراج قاسم تیلی کی نمازِ جنازہ ادا

پاکستان کے معروف صنعتکار، بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سراج قاسم تیلی کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔

سراج قاسم تیلی کی نمازِ جنازہ میں تاجروں، سیاست دانوں، سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سراج قاسم تیلی کی تدفین ڈیفنس فیز 7 کے قبرستان میں کی جائے گی۔

منگل کے روز معروف بزنس مین سراج قاسم تیلی دبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ مرحوم سراج قاسم تیلی ایک نامور صنعتکار اور لیڈر تھے۔ان کا خاندان قیام پاکستان کے بعد سے ہی کاروبار میں سرگرم عمل ہے۔ بزنس مین گروپ کے چیئرمین کے طور پر سراج تیلی گزشتہ 25 سال سے تاجروصنعتکار برادری کی غیر معمولی قیادت کے حوالے سے پہچانے جاتے تھے۔

مشروبات کے شعبے کے علاوہ انہیں ٹیکسٹائل، ڈیری مصنوعات اور توانائی کے شعبے کا خاطر خواہ تجربہ تھا اور وہ گل احمد انرجی لمیٹڈ، میٹرو پاور کمپنی، یاسر فروٹ جوس، حاجی قاسم حاجی محمد اینڈ کو اور پاکولا پروڈکٹ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے ڈائریکٹر بھی تھے۔

سراج تیلی کو قومی معیشت میں نمایاںکارکردگی اور بلاتفریق عوامی خدمت پر اُس وقت کے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ’’ستارہ امتیاز‘‘ سے نوازا تھا۔ سراج تیلی کی نجی شعبے کے لیے خدمات، صنعتی ترقی کے لیے ان کی کاوشیں اور عام طور پر تاجر و صنعتکار برادری میں اتحاد کے لیے ان کی کوششیں، برآمدات کو فروغ دینے کے ان کے جارحانہ اور تخلیقی منصوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں ان کا تعاون واقعی قابل تحسین تھا۔

انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی (BIZTEK) کے مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز کی فیکلٹی نے ان کو ڈاکٹریٹ آف فلسفہ (آنوریس کاسا) کی اعزازی ڈگری سے نوازاتھا۔

سراج تیلی نے تاجر و صنعتکار برادری کے نمائندے کی حیثیت سے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری تنظیموں کے بورڈ پر خدمات انجام دیں۔ ان میں سائٹ لمیٹڈ، لینڈ یوٹیلائزیشن، پورٹ قاسم اتھارٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، ورکرز ویلفیئر فنڈ، کے ای ایس سی اور بہت سارے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔

وہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹرسٹی بھی تھے۔ انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے انسانیت کی خدمت کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سراج تیلی کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، پاکستان بیوریج مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔سراج قاسم تیلی کی مخلصانہ اور ایماندارانہ کوششوں نے تجارتی سیاست کے نقطہ نظر کو بدل دیا۔ اس کے نتیجے میں اب حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے سی سی آئی کے معاملات میں حصہ لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے