سیالکوٹ(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہوگا، قوم ہر حکومت سے تبدیلی کی امید لگا لیتی ہے اور یہ سمجھتی ہے حکومت بٹن دبائے گی اور تبدیلی آ جائے گی ۔بدھ کو سیالکوٹ میں کامیاب نوجوان پروگرام ،تاجروں کی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی مکالمے سے پیچھے نہیں ہٹا بلکہ سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے اور پارلیمنٹ میں سوالوں کے جوابات دینے کے لیے تیار ہوں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن سے بات کریں تو وہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں ، حکومت ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہے لیکن این آر او پر بات نہیں کی جائے گی، مودی کی مثالیں دینے والے آج خود جلسے اور جلوس کررہے ہیں۔کورونا کی دوسری لہر میں کیسز بڑھ رہے ہیں، سردیوں میں احتیاط نہ کی تو بہت مشکل ہو گی۔ عمران خان نے سب سے بڑا چیلنج ملک کو بحران سے نکالنا تھا اور ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، ملک میں 2 بڑے ڈیمز اور 2 نئے شہر بنا رہے ہیں، سب سے بڑی کامیابی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا،آنے والے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا سینٹر بنے گا، کراچی، فیصل آباد بھی ایکسپورٹ کے لیے سب سے بہترین علاقے ہیں اور حکومت کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے، کوشش ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، صنعتی ترقی کے حوالے سے چینی ماڈل اپنانا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم کے بقول تاجر برادری کے ایف بی آر اور دوسرے محکموں سے متعلق مسائل حل کریں گے کیونکہ میں ملک پیسہ آئے گا تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔قبل ازیں وزیراعظم سیالکوٹ پہنچے تو انہوں نے صنعتکاروں کی جانب سے شروع کی جانے والی نجی فضائی کمپنی ائرسیال کا افتتاح کیا۔ عمران خان نے سیالکوٹ کے لیے 17ارب کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ترقیاتی مصوبوں میں صاف پانی کی سپلائی، سالڈویسٹ مشینری، سیوریج کے بڑے منصوبے اور تفریحی پارکس کی بحالی شامل ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب، فلٹریشن پلانٹساوو رہیڈٹینک اور پرانے ٹیوب ویلزکی مرمت وبحالی بھی شامل ہے۔ واٹر سپلائی پروجیکٹ کا منصوبہ 2022ء میں مکمل ہوگا۔ وزیراعظم نے 14ارب کی لاگت سے سیالکوٹ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ سیالکوٹ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی 7سال کی مدت میں مکمل ہوگی۔سیالکوٹ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی چین،آسٹریلیا اوراٹلی کی یونیورسٹیوں سے منسلک ہوگی۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں عوامی فلاح کے لییاقدامات پر وزیراعلی عثمان بزدارکو مبارکباد دیتا ہوں،عثمان بزدار بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا گیا تو پھر اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بھی بچا سکیں گے کیونکہ ملک میں دولت بڑھنے تک لوگوں کو غربت سے نہیں نکال سکتے، سی پیک ذریعے چینی حکومت اب ملک کے مغربی حصے کو اوپر اٹھانا چاہتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت میٹروپولیٹن سٹی کا نظام بھی متعارف کروایا جائے گا اور اپریل کے بعد ڈائریکٹ میئر کے انتخابات کرائیں گے۔مزید برآں وزیراعظم نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ترقی پذیر ممالک بدعنوان اشرافیہ کی کرپشن کے باعث غربت کا شکار ہیں، ناجائز دولت کو ہدف بنانے کے حوالے سے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے عزائم کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

