اسلام آباد: قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) نے 13 دسمبر کو پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کا الرٹ جاری کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظيم دہشت گرد کارروائی کرسکتی ہے،دہشت گردی کس شہر میں ہوسکتی ہے، تاہم تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔
جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ میں مزید بتایاگیا ہے کہ دہشت گردوں کا ممکنہ حملہ لاہور میں بھی ہوسکتا ہے، کیونکہ 13دسمبر کو پی ڈی ایم کا مینار پاکستان پر جلسہ ہو رہا ہے۔
الرٹ رپورٹ میں مزید بتایا کہ پشاور میں ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے اپنے منصوبے میں رد و بدل کیا ہے، حملے کے خطرہ پر مختلف مقامات پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک عناصر پر نظر رکھیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے تناظر میں پی ڈی ایم قیادت سے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی ۔
واضح رہے کہ نیکٹا نے کوئٹہ جلسے سے قبل کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کیا تھا۔

