English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسجد اقصیٰ میں نئی اسرائیلی کھدائیوں کا انکشاف

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی ریاستی سرپرستی میں انتہا پسند یہودی گروہوں نے مسجد اقصیٰ کے مشرقی حصے میں نئی کھدائیاں شروع کردی ہیں۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی کھدائیوں اور یہودی آباد کاری کے امور کے ماہر فخری ابو دیاب نے بتایا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی مشرقی سمت میں اسرائیل کی العاد نامی تنظیم نے خطرناک نوعیت کی کھدائیاں کی ہیں۔ ابو دیاب کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں عین العذرا کے مقام پر بابِ رحمت میں مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کے نیچے 100 سے 150 میٹرفاصلے پر نئی کھدائیاں کی گئی ہیں۔ یہ کھدائیاں ایک سرنگ کی شکل میں ہیں جو مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کی بنیادوں کے قریب ہیں۔ ابودیاب نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کے قریب خفیہ طورپر کی جانے والی کھدائیاں خطرناک پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے قریب کھدائیوں کی کارروائی العاد تنظیم کررہی ہے جہاں سے بڑی مقدار میں مٹی نکالی گئی ہے۔ اس مٹی اور ملبے کا اخراج وہاں پرہونے والی خطرناک کھدائیوں کا واضح ثبوت ہے۔ ابو دیاب کا کہنا ہے کہ ایک طرف ایک یہودی گروہ کو مسجد اقصیٰ کی مشرقی سمت کھدائیوں کی ناصرف اجازت ہے بلکہ صہیونی ریاست کی سرپرستی حاصل ہے، دوسری طرف فلسطینیوں کو اس علاقے میں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جاتی۔ واضح رہے کہ جغرافیائی اور تاریخی اعتبار سے یہ ایک اہم مقام ہے، جہاں پر کنعانی، عثمانی اور دیگر گزشتہ ادوار کی باقیات اور ہزاروں سال کے آثار قدیمہ پائے جاتے ہیں۔ یہاں پر قدیم دور کے پتھر ہیں، جن میں سے بعض کئی ہزار ٹن وزنی ہیں۔ بعض 10 میٹر لمبے اور ایک میٹر چوڑے ہیں۔ مسجد اقصیٰ اور شہر مسلمانوں کی تاریخی میراث ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے