کراچی/ اسلام آباد (نمائندگان جسارت) ملک بھر میں شدید سردی کا راج ہے، ندی نالوں اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں پارہ منفی 6 تک گرگیا،بالائی علاقوں میں سردی کی لہر برقرارہے، گلگت بلتستان میں برفباری سے بند ہونے والے راستے
کھولنے کا کام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری تھمنے کے بعد یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں، جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہیں۔ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیاہے۔بلوچستان میں برف باری اور بارش کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑرہی ہے جس کے بعد بیشتر علاقوں میں خون جما دینے والی ٹھنڈ سے شہری ٹھٹھر گئے۔شدید سردی کی وجہ سے شہریوں کے گھروں میں پانی کے نلکے اور موٹریں جم گئیں، شہر میں جگہ جگہ ٹھنڈ کے باعث سڑکوں پر برف جم گئی ہے جب کہ پانی کے پائپ پھٹنے سے چھتوں سے بہنے والا پانی جم کر قلفیوں کی صورت اختیار کرگیا۔کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس نہ ہونے سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں سائبیرین ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں ٹھنڈنے ڈیرے ڈال دیے ہیںجس کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ سردی کی یہ لہر آج (بدھ) تک جاری رہے گی،جبکہ جمعہ سے آنے والی نئی لہر میں درجہ حرارت مزید 2 ڈگری کم ہونے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جمعہ تک درجہ حرارت کم ہو کر 7 سے 8 ڈگری تک جاسکتا ہے اور رواں ہفتے ہوائیں 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل سکتی ہیں ۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت برقرار ہے۔
