تیونس سٹی ؍ رباط ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس کے وزیراعظم ہشام مشیشی نے کہا ہے کہ حکومت کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مراکش کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے پر رد عمل میں کہا کہ ان کا ملک ایسا کوئی فیصلہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ہر ملک کے پاس اپنی شناخت، سچائی اور سفارتکاری ہے جس میں وہ عوام کی بہترین کے لیے غور کرتے ہیں لیکن ہم مراکش کے فیصلے کا بے حد احترام کرتے ہیں، وہ ہمارا دوست ملک ہے اور ہمیں اس سے بہت محبت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کے بعد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والا چوتھا عرب ملک بن گیا ہے۔ دوسری جانب مراکشی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کا فیصلہ مشکل تھا، جس کی وجہ سے اعلان کرنے میں تاخیر ہوئی۔ علاوہ ازیں امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کشنر اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ساتھ آیندہ ہفتے اسرائیل اور مراکش دورہ کریں گے۔
