اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں کی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات، بند دفاتر کو دوبارہ کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کنوینئر ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی جبکہ وفد میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اوررکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی بھی شامل تھے۔
ایم کیوایم کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ایم کیوایم پاکستان کے بند دفاتر سمیت علی رضا عابدی، شاہد کلیم اور دیگر کارکنان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سمیت دیگر امور پر گفتگو کی ہے جبکہ ایم کیو ایم نے وفاقی وزیر داخلہ کے سامنے کارکنوں پر جھوٹی ایف آئی آر اور لاپتہ و اسیر کارکنان کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہناتھا کہ آزادانہ سیاست ہمارا حق ہے اور امید ہے وفاقی وزیر داخلہ آئین و قانون کے تحت ہمارے مطالبات پر احکامات جلد جاری کریں گے جبکہ وفاقی وزیر امین الحق نے کہاکہ ہمارے جائز بند دفاتر کی فوری واپسی اور کھولنے کے لیے احکامات دئیے جائیں ۔
وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سیاسی کارکنوں کے قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت ایکشن لیا جائے گا اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بند دفاتر کو واپس کھولنے کے حوالے سے معاملے کو دیکھ رہے ہیں ۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد کی گزشتہ روز ملاقات کی ہے اور ایم کیو ایم کے وفد کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران لاپتہ کارکنان، بند دفاتر کا معاملہ اٹھایا گیا، اس دوران کراچی میں ترقیاتی کام اور کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی جبکہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا سینیٹ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

