

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے ایک اسپتال میں آکسیجن وینٹی لیٹر میں دھماکے کے باعث اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کے 9 مریض جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق دھماکے سے جنوبی شہر غازی عینتاب میں واقع نجی طبی مرکز سینکو یونیورسٹی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں آگ لگ گئی، جس پر جلد ہی قابو پالیا گیا، تاہم 9 مریض اس آفت کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔ آگ ہفتے کو علی الصبح لگی، تاہم جانی نقصان براہِ راست اس کی وجہ سے نہیں ہوا، کیوں کہ اسے فوراً بجھا دیا گیا تھا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 56 سے 85 برس کے درمیان تھیں۔ دھماکے کی وجوہات کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ غازی عینتاب کے گورنر کا کہنا ہے کہ اس وارڈ میں زیر علاج دیگر مریضوں کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ حکام کی جانب سے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جب کہ ہلاک شدگان کے ورثا سے تعزیت کی گئی ہے۔ تُرک صدر رجب طیب اردوان کے ترجمان نے ٹوئٹر پر زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی تمنا کا اظہار کیا۔
