نئی دہلی(صباح نیوز)چینی فوج مقبوضہ لداخ میں گھس آئی ، جس سے بھارت میںہلچل مچ گئی۔ ایک ایسے وقت میں جب چین اور بھارت لداخ میں کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے ایک اور مرحلے کی بات چیت کی تیاری کر رہے ہیںچینی فوج مقبوضہ لداخ کے ایک گائوں میں داخل ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چینی فوجی سادہ وردی میں گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے تھے اور گائوں کے لوگوں سے بات چیت کے بعدواپس چلے گئے۔ بھارتی میڈیا میں یہ خبر مذکورہ گائوں سے وائرل ہونے والی ایک وڈیو کے حوالے سے شائع کی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر فوجیوں کے داخلے سے متعلق ایک نئی وڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بڑے میدانی علاقے، غالبا چراگاہ، میں بعض چینی شہریوں کو سادہ وردی میں کاروں سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے وہاں موجود افراد اور چینی فوجیوں کے درمیان مقامی زبان میں کافی دیر تک بات چیت کو بھی سنا جا سکتا ہے۔
