مردان (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے22 کروڑ عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں‘ ان کا جانا ٹھہر چکا ہے‘ وزیراعظم عمران خان بتائیں کہ انہیں شیروانی پہننے کی کیا جلدی تھی؟ جب انہیں اپنی نالائقی کا علم تھا۔ مریم نواز نے مردان میں پی ڈی ایم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل کہتے تھے ‘میرے پاس 200 لوگوں کی زبردست ٹیم ہے لیکن ڈھائی سال بعد کہا گیا کہ مجھے گردشی قرضوں کا پتا نہیں تھا۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی400 ارب روپے کی چینی، آٹے پر 225 ارب اور ایل این جی پر 122 ارب روپے کا ڈاکا ڈالنے کی پوری تیاری تھی لیکن عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کی تیاری نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی اپنے دوستوں کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے کی پوری تیاری تھی لیکن صحت کی سہولتیں دینے کی تیاری نہیں تھی۔ مریم نواز نے کہا کہ بہنوئی کے پلاٹ پر قبضہ چھڑانیکے لیے پولیس افسران کے تبادلے کردیے گئے‘ سیاسی مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالا گیا‘ لیکن اپنی بہن کو این آر او دینے کی پوری تیاری تھی‘ خارجہ پالیسی مستحکم کرنے کی کوئی تیاری نہیں تھی لیکن کشمیر بھارت کی جھولی میں پھینکنے کی تیاری تھی‘ آپ کو حکومت چلانا نہیں بلکہ صرف تابعداری کرنا آتی ہے‘ بندا کرپٹ ہونے کے باوجود ایماندار ہے کیونکہ تابعدار ہے‘ نالائق اور نااہل آدمی ڈھائی سال 22 کروڑ عوام کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتا ہے کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو نظر آرہا ہے کہ ان کی کابینہ کے وزرا آپس میں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں اور اپنی کرسیاں تبدیل کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کے سلنڈر وقت پر نہیں ملنے سے کورونا کے 8 مریض زندگی کی بازی ہار گئے تو صحت کی سہولیات دینے کی تیاری نہیں لیکن ادویات کی قیمتوں میں500 فیصد اضافہ کرنے کی پوری تیاری تھی۔

