مردان(صباح نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ عوام کا سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا۔مردان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی نااہلی کا اعتراف کرلیا،اس حکومت کاخاتمہ کرکے دم لیں گے،جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو اب آپ جانے اورعمران خان جانے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ نوکریاں دوں گا اور ملک میں شہد اور دودھ کی نہریں بہیں گی لیکن اس حکومت نے تو ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا، 2 ممالک ہم سے ناراض ہو گئے ہیں، دوست ممالک کے دور ہونے سے پاکستان تنہا ہوگیا ، آپ پر پرائے تو کیا اپنے بھی اعتبار کرنے کو تیار نہیں، مہنگائی کے ذمے دار جتنے عمران خان ہیں اتنے ان کو لانے والے بھی ہیں۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم پہلے سے اس حکومت کو نااہل کہتے تھے لیکن اب تو انہوں نے خود بھی اپنی نااہلی کااعترف کرلیا ، کل انہوں نے کہا کہ میرے پاس ٹیم اچھی نہیں، میں کہتا ہوں آپ بھی نااہل ہیں اور آپ کی ٹیم بھی نااہل ہے، ایران اور افغانستان کی معیشت پاکستان سے بہتر ہے، چین نے 14 فیصد شرح سود پر پاکستان کو قرضہ دیا، چین سے پیسے لے کر سعودی عرب کو دے دیے گئے اور اب عمران خان کہتے ہیں میں فضل الرحمن کو حساب دینا ہوگا، عمران خان ابھی میرے احتساب کے شکنجے میں ہے، حکومت کا تختہ الٹنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
