تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی سمندر میں ڈوبنے سے 20افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق تیونس حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر کوسٹ گارڈز نے امدادی کارروائی کی۔ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں تلاش کرلی گئیں۔ کوسٹ گارڈز نے 5افراد کو بچالیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچائے گئے افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکومتی ترجمان محمد زکری نے بتایا کہ ڈوبنے والی اس کشتی میں کم از کم 40 افراد سوار تھے ۔ڈوبنے والے تارکین وطن غیر قانونی طور پرتیونس سے اٹلی پہنچنے کی کوشش میں تھے ۔ مرنے والے زیادہ تر افراد کا تعلق افریقی ممالک سے تھا۔ اس سے قبل اکتوبر میں بھی تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 11افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ کشتی میں لیبیا اور تیونس سمیت افریقی ممالک کے 27مسافر سوار تھے۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق رواں برس بحیرئہ روم کے ذریعے تیونس سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں 8ہزار 581افراد کو گرفتار کیا گیا۔ واضح رہے کہ غیرقانونی طور پر یورپ جانے والوں میں ویسے تو افریقی ممالک کے باشندے ہوتے ہیں،تاہم تیونس میں جاری معاشی بحران کے باعث اکثریت وہاں کے شہریوں کی ہوتی ہے۔
