کوئٹہ /اسلام آباد/لاہور (نمائندگان جسارت +مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر ہفتے کی شب حملہ کیا گیا جس کے بعد دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 7 جوان شہید ہوگئے۔دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل، عبدالوکیل، سپاہی شیر زمان، جمال ، عبدالرؤف اور فقیر محمد شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیےعلاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں جبکہ دہشت گردوں کو فرار سے روکنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاست مخالف قوتوں کی پشت پناہی سے امن کو سبوتاژکرنے کے لیے یہ بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں تاہم دہشت گردوں کو بلوچستان میں سخت کوششوں کے بعد حاصل کیے گئے امن کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے اور فورسز دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گیں۔صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان نے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 بہادر فوجیوں کی شہادت سن کر افسوس ہوا، ہماری قوم ہمارے بہادر فوجیوں کے ساتھ کھڑی ہے جو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں، میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور دعا کرتے ہیں۔وزیراعظم نے ٹوئٹ میں کہا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے جبکہ ہمارے بہادر سپاہی دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں ، پوری قوم ان بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف سی کے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کا خاتمہ ہوگا، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسزکے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ہرنائی بلوچستان میں ایف سی کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداکے لیے بلندی درجات کی دعا کی ہے ۔ انہوںنے دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے شہید جوانوں کے پسماندگان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی ہرنائی میں دہشت گردی کی شدید مذمت ، شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں سینیٹر شبلی فراز، پی پی چیئرمین بلاول زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

