کراچی(نمائندہ جسارت)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی 30سال سے مافیا ز کی زد میں ہے ، سندھ حکومت اور کرپٹ سرکاری اہلکاروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جماعت اسلامی نے کرپٹ مافیا کے خلاف ہمیشہ توانا آواز اٹھائی ہے ، عوامی مسائل بیٹھک میں متاثرہ افراد سیکڑوں کی تعداد میں روزانہ اپنی شکایات لے کر آرہے ہیں جہاں ان کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کوشاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق عوامی مسائل بیٹھک میں منصوبہ ماہم سٹی فیز IIاورگلشن توحید سوسائٹی کے متاثرہ وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔منصوبہ ماہم سٹی فیز IIکے متاثرہ وفد میں محمد جواد،محمد ابراہیم،سید مظہر عالم،نادر اقبال،گلشن توحید ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فہیم احمداورکنوینر شکیل احمد خان ،سید معین عباس مدنی ،حمیداللہ ،کلیم ریاض،محمد صابر قریشی،مشتاق حسین
،عبد الستار کمانی، کاشف حسین،محمد عابد سلیم الدین، میاں خان ودیگر بھی شامل تھے ۔اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،پبلک ایڈ کمیٹی شعبہ تعلیم کے نگراں سید ابن الحسن ہاشمی ، امین الدین دانش ودیگر بھی موجود تھے۔ ماہم فیزIIکے وفد نے بتایا کہ ستمبر 2013ء سے اگست 2015ء تک سلیم بخش پلاٹ فروخت کرتا رہا اور مالک ندیم اظہر قریشی کی موجودگی میں کمپنی پاکستان پرنٹنگ انک لانڈھی انڈسٹریل ایریا کراچی کے اندر درخت کاٹے گئے، مسجد کی تعمیر کی گئی، سائٹ آفس بنایا گیا، سیوریج اور پائپ لائن بھی لائی گئی اور ڈمی نقشہ اور ماڈل سامنے لگا کر عوام سے ساڑھے 6 کروڑ روپے مالیت کی رقم وصول کی گئی اور اب عوام بلڈر سلیم بخش کو تلاش کر رہے ہیں جبکہ مالک ندیم اظہر قریشی نے تمام پلاٹنگ کی نشانیاں اور ڈیمارکیشن ختم کردی ہیں اور مذکورہ سائٹ آفس بھی مسمار کر دیا ہے جو کہ کمپنی کے اندر تیارکیا گیا تھا اب بلڈر ندیم اظہر قریشی کا کہنا ہے کہ مذکور سائٹ آفس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے ۔ان دونوں پارٹیوں کا تنازع سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، یہ دونوں اشخاص باہمی رضامندی سے اس کیس کو ختم ہی نہیں کرنا چاہتے اور اتنے عرصے سے عدالت بھی نہیں جارہے ہیں۔ وفد نے مزید بتایا کہ مکمل پیسوں کی ادائیگی اور Posession letterدینے کے باوجود اب نہ ہی پلاٹ دیے جارہے ہیں اور نہ ہی کوئی شخص ملنے کو تیا رہے ۔متاثرین کی فہرست کے مطابق 100 افراد سے زائد کے پلاٹ بک کیے گئے تھے جن میں سے کچھ کی ایپلیکیشن فارم ،الاٹمنٹ ،سائٹ پلان ،کنفرمیشن لیٹر،پوزیشن لیٹر متاثرین کے پاس موجود ہے ۔ متاثرین نے جماعت اسلامی سے درخواست کی ہے کہ پروجیکٹ ماہم فیز IIکے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔گلشن توحید کے وفد نے بتایا کہ ندیم ہاؤسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ہم سے لیز اور ڈیولپمنٹ چارجز بھی وصول کیے ہیں لیکن درحقیقت گلشن توحید میں پلاٹ ہی نہیں ہیں اگر ہیں بھی تو ان پر قبضہ ہے،اکثر گھرانے تو ایسے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کی پوری جمع پونجی لگادی اور گلشن توحید میں پلاٹ کی قسطیں جمع کرائیں لیکن اب سوائے فائلوں کے ہمارے ہاتھ کچھ نہیں ہے۔ پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلشن توحید کے متاثرین کو فی الفور انصاف فراہم کیا جائے، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی مسائل حل کرنے میں شانہ بشانہ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پبلک ایڈ جماعت اسلامی متاثرین گلشن توحید کے مکینوں کے ساتھ ہے اور ہر قسم کی آئینی، قانونی و جمہوری طریقے سے جدوجہد کرے گی اور مکینوںکو انصاف دلوائے گی۔
