English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کا جواب دیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرِاعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات اور سیکورٹی ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا جواب دیا جائے۔پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے خصوصاً بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری ہائبرڈ وارفئیر کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد ، وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کی جانب سے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بے بنیاد اور من گھڑت مہم کا مقابلہ حقائق سے کیا جائے اور بھارت کا اصل چہرہ عوام اور عالمی برادری کا سامنے لایا جائے، عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔وزیرِاعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی میڈیا بھی اس ضمن مین اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ہندوفاشسٹ ایجنڈے اور اس کے نتیجے میں علاقائی امن و امان کو درپیش خطرات سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، اس پروپیگنڈے کا مقصد نہ صرف بھارت کے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانا ہے بلکہ پاکستان میں انتشار پھیلانا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔علاوہ ازیں توانائی شعبے کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ گھریلو صارفین کے لییریلیف اور صنعتوں کو بلاتعطل اور سستی بجلی کی فراہمی کو حکومتی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے اور توانائی کے شعبہ میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیرپا اصلاحات کی جائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا عمر ایوب، مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، معاونینِ خصوصی تابش گوہر، ندیم بابر، وقار مسعود اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو توانائی کے شعبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بجلی کی پیداوار اور ترسیل کی بہتری اور انرجی مکس کو بہتر اور ماحول دوست بنانے کے ساتھ ساتھ سستی بجلی بنانے کے مجوزہ منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ جاری منصوبوں پر پیشرفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو گذشتہ حکومتوں کی طرف سے کئے گئے معاہدوں اور ان کے معیشت اور عام آدمی پر منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود صنعت اور عام آدمی کے ریلیف کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے بھی بتایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے توانائی شعبے کی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گھریلو صارفین کے ریلیف اور صنعتوں کو بلاتعطل اور سستی بجلی کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے اصلاحات کو دیر پا اور ان میں مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھنے پر بھی زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے