اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کو عہدے سے ہٹا کر بادشاہی مسجد لاہور کے مہتمم مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔وزارت مذہبی امور سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے اور کمیٹی میں 19 ارکان شامل ہوں گے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، مفتی فیصل احمد اور سید علی قرار نقوی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضلِ جمیل، مفتی قاری میر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر ساجد بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کا 20 گریڈ کا ایک، ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت میں چاند دیکھنے کے معاملے پر مفتی منیب الرحمن پر تنقید کی جاتی رہی ہے، بالخصوص وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کی جانب سے کئی بار ان پر تنقید کی گئی۔ مفتی منیب الرحمن نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے جاری کردہ سالانہ کیلنڈر کے بھی شدید مخالفت کی تھی۔ خیال رہے کہ مفتی منیب الرحمن کو 20 سال قبل 2000ء میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی بنایا گیا تھا اور 2012 ء میں اس حوالے سے دوبارہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔

