سرینگر(اے پی پی)بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے جعلی مقابلوں میں بیگناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت کے لیے گزشتہ روز (جمعہ) سرینگر اور دیگر علاقوںمیں مکمل ہڑتال کی گئی، بھارتی پولیس نے حریت کانفرنس کے رہنما عبدالرشید لون کو گرفتار کرلیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ۔ ہڑتال کے دوران سرینگر، پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں بدھ کے روز 3 کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔ قابض انتظامیہ کی جانب سے مظاہروں کو روکنے کے لیے سخت پابندیاں کے باوجود مقبوضہ وادی میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالرشید لون کو سرینگرمیں گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔
