لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے،پی ڈی ایم تحریک حکومتی ہتھکنڈوں سے متاثر نہیں ہوگی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کل کے اجلاس کے بعد پی ڈی ایم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی،پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد سیاسی نظام کی کمزوری کو درست کرنا ہے، مستحکم سیاسی نظام قائم ہونے تک معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کل کے اجلاس نے حکومتی ترجمانوں کے دعوؤں پر پانی پھیردیا،ہمارا مقصد 70 سال سے جاری غلط نظام تبدیل کرنا ہے، ہمارا مقصد سیاست، معیشت، سیکیورٹی کی تکون کو مضبوط کرنا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہاکہ عمران خان کی سیاست کے پیچھے فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں، نواز شریف کا کیس ہو تو ایک ماہ میں فیصلہ ہوتا ہے، عمران خان کے کیس میں 6،6 ماہ فیصلہ نہیں ہوتا، 19 جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کریگی۔

