English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے جرمنی میں مزید سیکڑوں ہلاک، لندن اور ٹوکیو میں ایمرجنسی

ٹوکیو: ہنگامی حالت کے نفاذ پر وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کی پریس کانفرنس نشر کی جارہی ہے

 

 

برلن ؍ لندن ؍ ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید سیکڑوں مریض انتقال کر گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جمعرات کے روز جاری کیے گئے اعداد شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک دن کے دوران ایک ہزار 70 افراد کی موت ریکارڈ کی گئی۔ ادارے کے مطابق ملک میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار 607 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید متاثرین کی تعداد میں تقریباً 26 ہزار 400 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 18 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے بعد ملک بھر خصوصاً دارالحکومت لندن میں سخت لاک ڈاؤن جاری ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے ملک میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور اس دوران تعلیمی ادارے، ریستوران اور تجارتی مراکز بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان دنوں گھروں پر رہیں۔ دریں اثنا برطانوی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دارالحکومت لندن پوری طرح کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ گیا تو اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ اُدھر جاپان نے دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے 3 مضافاتی علاقوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ ایک ماہ کے لیے لگائی گئی ایمرجنسی کی میعاد 7 فروری کو ختم ہو گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بازار اور ریستوران وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ باعث بنتے ہیں، لہٰذا ایمرجنسی کے دوران سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، تاہم ٹوکیو اور اس کے نواح میں لگائی گئی نئی پابندیوں کے دوران اسکول کھلے رہیں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے