

اسلام آباد(اے پی پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کے چیلنج کے باوجود پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے اور کاروباردوست ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ وہ تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے پیر کو یہاں حاجی طاہر نوید کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی وبا کے دوران کاروباری طبقے اور کمزور طبقات کیلیے 1.2 کھرب کا معاشی پیکیج فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران معیشت کو وبا کے منفی اثرات سے بچانے کیلیے کھلا رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ کورونا کے باوجود پاکستانی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ملکی برآمدات میں بڑھوتری اور ترسیلات زر میں 24.9فیصد اضافہ ملکی معیشت میں بہتری کی علامات ہیں ۔صدر عارف علوی نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو انکی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق ملازمت فراہم کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔موجودہ حکومت کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے اور کاروباردوست ماحول فراہم کرنے کیلیے اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر تجارتی وفد نے حکومتی کاروبار دوست پالیسیوں اور کورونا کے دوران ریلیف پیکیج کی تعریف کی۔
