English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لاہور گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ، عوام کا پیدل چلنا دشوار ہوگیا ، جاوید قصوری

القمر

 

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے۔ عوام کو پیدل چلنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی محض اخباری بیانات و اشتہارات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ گندگی کے ڈھیروں سے جراثیم پیدا ہونے کے باعث لوگ بیمار ہورہے ہیں۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کہیں نظر نہیں آرہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آلودگی کے لحاظ سے گندے شہروں میں لاہور ٹاپ فائیو شہروں میں شامل ہے۔ چند دن پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب نے صفائی کے حوالے سے نوٹس لیا مگر صورتحال یہ ہے کہ شہر کے پوش علاقے بھی گندگی سے پاک نہیں۔ لاہور شہر میں ہر روز ساڑھے پانچ ہزار ٹن کچرا اکٹھا ہوتا ہے مگر متعلقہ محکمے کا صفائی آپریشن انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ لاہور شہر کی صفائی کا بجٹ سالانہ 2 ارب روپے سے بھی زائد ہے۔ وہ کہاں خرچ ہورہا ہے کسی کو کچھ پتا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغوں کے شہر کا حسن برباد کرکے رکھ دیا گیا ہے۔ دریائے راوی نالے کی منظر کشی کررہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ شہر کا کوئی والی وارث نہیں۔ ہر طرف صفائی کا فقدان نظر آتا ہے۔ پاکستان کا دوسرا بڑا شہر مسائل کا مسکن بن چکا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک طرف کورونا وائرس سے عوام متاثر ہورہے ہیں جبکہ دوسری طرف گندگی کی وجہ سے مختلف انواع کی بیماریاں عوام کے لیے شدید درد سر بن ہوئی ہیں۔ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے ہیضہ، ہیپاٹائٹس اے، گیسٹرو اور پیٹ کی دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت شہر کی صفائی کے نظام کو مؤثر بنائے اور اس ذمے داری کی ادائیگی میں غفلت برتنے والے افسران کا مواخذہ کیا جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے